چھوٹے میاں صاحب اب خادمِ مسلم لیگ اور پھر خادمِ پاکستان بنیں گے : مسلم لیگ نون

وزیراعظم نوازشریف نے شہبازشریف کی بطور پارٹی صدر نامزدگی پر مشاورت مکمل کر لی ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں کلثوم نواز اور مریم نواز کا نام بطور پارٹی صدر کسی بھی سطح پر زیر غور نہیں آیا

چھوٹے میاں صاحب اب خادمِ  مسلم لیگ اور پھر خادمِ پاکستان بنیں گے : مسلم لیگ نون

سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے شہبازشریف کی بطور پارٹی صدر نامزدگی پر مشاورت مکمل کر لی ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں کلثوم نواز اور مریم نواز کا نام بطور پارٹی صدر کسی بھی سطح پر زیر غور نہیں آیا۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو صدر منتخب کرانے کے لیے رسمی منظوری مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں لی جائے گی۔

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے بعد پارٹی کی سینئر موسٹ لیڈرشپ شہباز شریف ہی ہیں۔ پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے اجلاس سینیٹ الیکشن کے فوری بعد ہو گا۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کا قانونی تقاضہ ہر صورت پورا کیا جائے گا لیکن مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نطرثانی اپیل دائرنہ کرنے کا امکان ہے کیونکہ ماضی میں نظرثانی اپیل پر مسلم لیگ (ن )کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔ میاں  نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس  اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے علاوہ مریم نواز، پرویز رشید، مریم اورنگزیب، عابد شیر علی، دانیال عزیز، مصدق ملک، تہمینہ دولتانہ اور آصف کرمانی سمیت دیگر شریک ہوئے جب کہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی پنجاب ہاؤس  میں موجود تھی۔

یاد رہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اس سے قبل بھی مسلم لیگ ن کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ شہباز شریف کی متبادل قیادت کیلئے نامزدگی کا فیصلہ اتفاق رائے سے ہوا۔

اطلاع  کے مطابق نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) میں حیثیت قائد کی ہو گی۔ شہباز شریف کو پہلے ہی وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق پارٹی صدارت کا فیصلہ 45 روز سے پہلے کرنا ہوتا ہے۔ سینیٹ انتخاب کے بعد جنرل کونسل کے اجلاس میں شہباز شریف باقاعدہ صدر منتخب ہونگے۔



متعللقہ خبریں